جیا بگا روڈ کا چوک ارائیاں، دلدلی سڑک مکینوں اور  راہگیروں کیلئے مستقل عذاب بن گئی

10 Sep, 2024 | 06:03 AM

ثمرہ فاطمہ:  جیا بگا روڈ آرائیاں سٹاپ رائے ونڈ کے مکین سالہا سال سے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ مین روڈ پانچ سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،  جگہ جگہ موجود گڑھے پڑے ہیں، سیوریج کا پانی اور کیچڑ  ٹوٹی پھوٹی سڑک پر آمد و رفت کو دشوار تر بنا رہا ہے۔ 
 
حکومت کی عدم توجہ کے باعث جیا بگا روڈ آرائیں چوک رائے ونڈ کا علاقہ مسائل کا گڑھ بن گیا۔ علاقہ کی سڑکیں خستہ حال، گڑھوں میں جمع سیوریج  اور بارش کا پانی تعفن اور بیماریاں پھیلانے کے ساتھ  عملاً کچی سڑک کو دلدل بنانے لگا۔ جگہ جگہ کھلے گٹر وں اور کیچڑ سے شہریوں کیلئے آمد و رفت ایک مستقل عذاب بن کر رہ گئی۔

مکینوں کا کہنا ہے پانچ سال سے علاقہ کی ابتر صورتحال ہے۔ لوگ داد رسی کے منتظر ہیں لیکن ان کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ لوگ مسائل سے نجات کے لئے درخواستیں کرتے ہیں لیکن کوئی سننے والا نہیں۔

پیدال چلنے والے اور موٹر سائیکلوں پر سوار شہری  ٹوٹی پھوٹی کچی سڑک سے گزر سکتے ہیں اور نہ ہی ان حالات میں سڑک کے اطراف کاروبار کر سکتے ہیں۔ کیچڑ میں لوگوں کی گاڑیاں دھنس جانے سے آئے روز حادثات ہونا معمول بن گیا ہے۔

مین سڑک کے ساتھ نالہ کئی سال سے زیر تعمیر ہے جو کسی طرح مکمل ہونے میں ہی نہیں آ رہا ہے۔

 چھ ماہ سے جمع سیوریج کا پانی بیماریاں اور آلودگی پھیلا رہا ہے جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔  علاقہ کے مکینوں نےحکومت سے التجا  کی ہے  کہ سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ یہاں کے نالے کی ادھوری تعمیر بھی مکمل کروائی جائے۔ علاقہ کے مسائل حل کرواتے ہوئے بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔

مزیدخبریں