(ویب ڈیسک) حکومت سندھ کا کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے رہائشیوں کے لئے تحفہ ہے کہ اورنج لائن بسیں آج سے سڑکوں پر دوڑیں گی۔ منصوبے کے آغاز پر اورنگی ٹاؤن کے لوگ انتہائی خوش ہیں۔
تفصیلات کےمطابق حکومت سندھ کی جانب سےبس بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) اورنج لائن بس سروس کا آغاز آج کیا جائے گا،سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منصوبے کے آغاز پر اورنگی ٹاؤن کے رہائشی خوش ہیں،پرانی بسوں اور رش سے جان چھوٹ جائے گی، بس ریپڈ ٹرانزٹ اورنج لائن کے لیے 20 چائنیز ڈیزل ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی۔
منصوبے سے معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اورنج لائن بس سروس اورنگی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔اورنگی ٹاؤن سے میٹرک بورڈ آفس تک 3.9 کلومیٹر طویل ٹریک تعمیر کیا گیا ہے۔64 سے زائد مسافر ایک وقت میں ایک بس میں سفر کریں گے۔
ہر بس میں31 نشستیں اور تقریباً 34 معاون ہینڈلز کے ساتھ کھڑےہوسکیں گے،بس میں معذور افراد کے لیے دو نشستیں بھی رکھی گئی ہیں ۔بین الاقوامی طرز کی بنائی گئی بسوں میں مسافروں کے لئے وائی فائی اور موبائل چارجنگ پورٹس سمیت تمام سہولیات موجود ہیں۔
اس بس سروس سے روزانہ 24,000 مسافر مستفید ہوسکیں گے، اورنج لائن کے چار اسٹیشنز اور ایک ڈپو تعمیر کیا گیا ہے،اس منصوبے کے تحت کل 20 بسیں چلیں گی اور 40 ڈرائیور دو شفٹوں میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔