(ویب ڈیسک)ایڈیشنل آئی کی موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ کے افسوس ناک واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں ملزموں کو فائرنگ کرتےاور موقع سے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فتح جنگ انٹرچینج پر ایک گاڑی ٹوکن کیلئے کھڑی تھی کہ اس کے پیچھے ایک سفید رنگ کی گاڑی آ کر رکتی ہے ،اس کے بعد ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس سجاد افضل آفریدی کی گاڑی آ کر رکتی ہے۔
اس دوران ملزم اپنے گاڑی کو پیچھے کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی موٹروے کی گاڑی کو ٹکر مارتے ہیں جس پر ایڈیشنل آئی جی کے بھائی نعمان افضل آفریدی گاڑی سے باہر آتے ہیں، ان کے گاڑی سے نکلتے ہی ملزم فائرنگ کردیتے ہیں اور موقع سے فرار ہو جاتے ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے چار ملزموں کو فائرنگ کے شبہ میں حراست میں لے لیا ہے،پولیس کی ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔
واضح رہے کہ فتح جنگ روڈ پر واقع ٹال پلازہ پر ایڈیشنل آئی جی کی گاڑی سفید کورولا کا تعاقب کررہے تھے،ترجمان موٹروے پولیس کا کہناتھا کہ مشکوک گاڑی کے تعاقب کے نتیجے میں سجاد افصل آفریدی پر فائرنگ کی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی موٹروے کو دو گولیاں لگی، سجاد افصل آفریدی کو شدید زخمی حالت میں پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا،فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی موٹروے کے بھائی جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے نعمان افصل پاکستان ایڈمنسٹریٹر سروس سےوابستہ تھے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔