چیف سیکرٹری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

10 Sep, 2020 | 08:58 PM

Arslan Sheikh

( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کل گیارہ ستمبر کو سماعت کے لئے مقرر کردی گئی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان کیس کی سماعت کریں گے۔

ایم سی ایل کے سینٹری ورکرز اور انسپکٹرز کو مستقل نہ کرنے پر چیف سیکرٹری کیخلاف جہانزیب الیاس، محمد عثمان، حارث سمیت دیگر 31 ملازمین نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔ توہین عدالت کی درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ عرصہ درازسے لاہور میونسپل کارپوریشن میں سینٹری سپروائزر اور سینٹری ورکرز کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ مجاز افسروں کو درخواستیں دینے کے باوجود حکومتی پالیسی کے مطابق مستقل نہیں کیا گیا۔

سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کئی ملازمین کو مستقل کیا جا چکا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے 18 دسمبر 2019ء کو درخواست گزاروں کو سن کر 8 ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی حکم کے باوجود داد رسی نہیں کی گئی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ 

مزیدخبریں