سٹی 42: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے دشمن دونوں ریاستوں کے مابین بڑھتی ہوئی شراکت داری کو نہیں دیکھ سکتے ، دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں دوستوں کے درمیان دوستی کے بندھن کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ صدر آصف علی زرداری نے یہ باتیں آج جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت میں عوامی جمہوریہ چی کے سفیر کے ساتھ چینی سفارتخانہ میں ملاقات کے دوران کہیں۔
صدر آصف علی زرداری کراچی میں چینی مہمانوں کے دہشت گرد حملہ میں جاں بحق ہونے والے چینی مہمانوں کی تعزیت کرنے کے لئے چینی سفارتخانہ گئے اور چینی سفیر جیانگ زئے دونگ کے ساتھ ملاقات کی ۔
صدر آصف زرداری نے 7 اکتوبر کو دہشت گردانہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔
صدر آصف علی زرداری نے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر سے کہا چینی حکومت اور عوام کا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے ، دونوں ممالک کے دشمن دونوں ریاستوں کے مابین بڑھتی شراکت داری نہیں دیکھ سکتے ، دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں دوستوں کے درمیان دوستی کے بندھن کو کمزور نہیں کر سکتیں،صدر آصف زرداری نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔