ملک اشرف : مچھلی منڈی کی منتقلی کیخلاف کیس،ہائیکورٹ نے درخواست گزاروں کو کارروائی سےروک دیا۔ پنجاب حکومت، سیکرٹری بلدیات ودیگر فریقین کو 3دسمبر کیلئے نوٹس جاری، جواب طلب کرلیا۔
جسٹس عابد حسین چٹھہ نے مچھلی منڈی کے تاجر ظفر اقبال اور محمد امین کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس سے پہلے بھی اس نوعیت کی ایک درخواست دائر کی گئی ۔ عدالت نے معاملہ نمٹاتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو فریقین کو سُن کر فیصلہ کا حکم دیا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے فرد واحد سے معاہدہ کیا ، معاہدے میں تمام مچھلی منڈی کے آڑھتیوں کو شاہدرہ نئی منڈی منتقلی کے احکامات دئیے گئے ہیں ۔ تمام آڑھتیوں کا مؤقف سُنے بغیر ہی مچھلی منڈی نئی جگہ منتقل کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔ اب انتظامیہ درخواست گزاروں کو مچھلی منڈی سے بے دخل کرنا چاہتی ہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت مچھلی منڈی کو نئی جگہ منتقل کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے ۔