سٹی42 : وزیرِاعظم شہباز شریف نے5 آئی پی پیزکمپنیوں کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کااعلان کردیا جس کے نتیجے میں بجلی صارفین کو 60 ارب روپے سالانہ کا فائدہ ، بجلی کے فی یونٹ نرخ میں کمی اورمجموعی طور پر ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
وفاقی کابینہ کااجلاس وزیرِاعظم شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہواجس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت استحکام کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 5 آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں بجلی صارفین کو سالانہ 60 ارب اور ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہوگی۔دیگر آئی پی پیز سے معاہدوں پر بتدریج نظرثانی کر کے بجلی ٹیرف کم کریں گے، سہ ماہی ترسیلات ریکارڈ رہی ہیں،سہ ماہی ترسیلات میں اضافہ سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
شہبازشریف نے مزیدکہا کہ عام آدمی نے مہنگائی سمیت بے پناہ مشکلات کا سامنا کیا، صبر و تحمل سے مشکلات جھیلنے پر عوام کے شکر گزار ہیں، مشکلات ختم نہیں ہوئیں، نہ دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، ماضی میں سنگدل حکمران نے کہا مہنگائی سے میرا سروکار نہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور ہمیں یہ سفر تیزی کے ساتھ طے کرنا ہے، 7 ماہ میں جو مسائل اور چیلنجز درپیش تھے بطور ٹیم ان کا سامنا کیا، بجلی کے بلوں میں 200 یونٹ تک کے گھریلو صارفین کو ریلیف دیا گیا، پنجاب میں حکومت نے 500 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو 2 ماہ تک ریلیف فراہم کیا، حکومت عوام کی مشکلات سے باخبر ہے، نواز شریف نے بجلی کی قیمت کم کرنے کے لیے کوشش کی اور بار بار تلقین کی۔