آرمی چیف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کی ملاقات

10 Oct, 2024 | 10:26 AM

 ( احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق آرمی چیف اور سعودی وزیر سرمایہ کاری کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ اس دوران مختلف شعبوں میں برادرانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بات  چیت بھی کی گئی۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کےلیے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ اداکیا۔

آرمی چیف نے وفد کو پاکستان کی مکمل حمایت اور عزم کی مزید یقین دہانی کرائی  اور دونوں ممالک کو حاصل ہونے والے امید افزا نتائج کے بارے میں امید ظاہر کی۔

 جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بڑے تجارتی وفد کا دورہ پاک، سعودی پائیدار اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے، پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے گہری عزت اور محبت رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں