ورلڈ کپ: پاک، بھارت ٹاکرے سے پہلے بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا

10 Oct, 2023 | 10:24 AM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شبمن گِل ہسپتال منتقل ہو گئے۔

 بھارت میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے مقابلے یعنی پاک بھارت ٹاکرے میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم بلے باز اور اوپنر سبمن گِل کی شمولیت مشکوک ہو گئی، بھارتی میڈیا کے مطابق شبمن گِل ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے باعث چنئی کے ایک نجی ہسپتال داخل ہو گئے ہیں، ان کے پلیٹ لیٹس میں مسلسل کمی کے باعث احتیاطی طور پر ہسپتال منتقل ہوئے ہیں۔

 بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ شبمن گِل کو گزشتہ روز (پیر) ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بھارتی کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل ان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، ایسے میں گِل کی پاک بھارت ٹاکرے میں شمولیت مشکل ہو گئی ہے، اگر وہ مکمل صحت یاب ہو جاتے ہیں تو وہ چنئی سے سیدھا احمد آباد پہچیں گے۔

 واضح رہے کہ بھارتی اوپنر ڈینگی بخار کے باعث آسٹریلیا کے خلاف میچ کا حصہ نہیں بن سکے تھے اور افغانستان کے خلاف میچ سے بھی وہ باہر ہو چکے ہیں۔

 خیال رہے کہ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

مزیدخبریں