(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی ) مینز کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی ) مینز کرکٹ ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں ایک بار پھر شاہین ایکشن میں ہوں گے اور اس بار ان کا مقابلہ سری لنکا سے ہے، وہی ٹیم جس کے خلاف جنوبی افریقا نے رنز کے انبار لگائے تھے۔شاہینوں نے سری لنکا سے مقابلے کےلیے بھرپور تیاری کی ہے اور حیدرآباد دکن میں جم کے پریکٹس بھی کی۔
ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی ، فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق امام الحق کے ساتھ اوپننگ کریں گے، بابر اعظم ، محمد رضوان ، سعود شکیل اور افتخار احمد بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہوں گے جبکہ شاداب خان اور محمد نواز بطور آل راؤنڈر اور حسن علی ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف فاسٹ بولنگ کا شعبہ سنبھالیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا جبکہ صبح 10بجے انگلینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں دھرم شالہ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ورلڈکپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔