سروسز ہسپتال، ٹیسٹ نجی لیبس سے کیوں؛محسن نقوی نےشہری کی شکایت پر انکوائری شروع کروا دی

10 Oct, 2023 | 02:13 AM

سٹی42: سروسز ہسپتال میں ٹیسٹوں کی سہولت ہے تولوگ باہرکیوں گئے؟ وزیراعلیٰ محسن نقوی سروسز ہسپتال کی لیبارٹری کی بجائے ٹیسٹ باہر سے کروانے پر مجبور کئے جانے کی شکایت پر برہم ہو گئے، شہری کی شکایت کی خود تحقیقات کی اور لیب کی بجائے ٹیسٹ باہر سے کروانے کے معاملہ کی انکوائری لگوادی۔

نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پیر کے روز سروسز ہسپتال کے دورہ کے دوران  شہری کی اس شکایت پر کہ ان کو ٹیسٹ لیبارٹری کی بجائے ہسپتال سے باہر نجی لیب سے کروانے کے لئے کہا گیا، سخت ایکشن لے لیا۔ محسن نقوی نے معاملے کی انکوائری کے لیے اسپیشل سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ثابت ہوگیا ڈاکٹر من پسند لیب میں ٹیسٹ کے لیے بھج رہے ہیں تو کارروائی ہو گی۔

شکایت کرنے والے شہری نے نگراں وزیر اعلیٰ سے کہا، سرآپ کے ایکشن کے بعدڈرلگ رہا ہے کہ یہ ہمیں ڈسچارج نہ کردیں۔ محسن نقوی نے شہری کو یقین دلایا کہ کوئی آپ کوڈسچارج نہیں کرسکتا۔

محسن نقوی نے لیب کی ناقص کارکردگی پر ایم ایس کی سرزنش کی۔ مریضوں کی جانب سے ٹیسٹ باہر سے کروانے کی شکایات پر نگران وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیب موجود ہونے کے باوجود باہر سے کیوں ٹیسٹ ہو رہے ہیں؟  

نگراں وزیر اعلیٰ نے سمز لیب میں میڈیکل ٹیسٹ کے لئے سہولتوں کا خود معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمز لیب کا ریونیو نہ ہونے کے برابر ہے، مریضوں اور سٹاف کے واش رومز پر تالے پڑے ہوئے ہیں، محسن نقوی سمز لیب  کے حالات اور لیب میں سہولتوں کے فقدان پر برہم ہو گئے۔انہوں نے ٹیسٹ سے حاصل ہونے والے ایک روز کے ریونیو کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ ریکارڈ کے مطابق ٹیسٹوں سے ایک روز میں 56 ہزار روپے ریونیو حاصل ہوا- 
  محسن نقوی نے سمز لیب میں سہولتیں اور ٹیسٹ کا معیار بہتر بنانے کا حکم  دیا اور ہدایت کی کہ سمز لیب سے کم ازکم روزانہ 10 لاکھ روپے ریونیو حاصل ہونا چاہیے -

مزیدخبریں