ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

الوداع محسنِ پاکستان، ڈاکٹر عبدالقدیر خان سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

AQ Khan Buried
کیپشن: Dr Abdul Qadeer Khan
سورس: City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: الوداع ۔۔۔۔محسنِ پاکستان ۔۔الوداع۔۔۔ پاکستان کے ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر جہانِ فانی سے کوُچ کر گئے۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی میت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ ایچ ایٹ قبرستان میں کی گئی۔

الوداع محسن پاکستان الوداع۔۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سفر آخرت پر روانہ ہوئے تو ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔ آسمان بھی زاروقطار رو پڑا۔ محسن پاکستان کی میت ان کی رہائشگاہ سے ایمبولینس پر فیصل مسجد لائی گئی۔ میت روانہ ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد ایمبولنس کے گرد جمع ہوگئی، لوگ میت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ساتھ ساتھ چلتے رہے. کلمہ طیبہ،کلمہ شہادت اور نعرہ تکبیر بھی بلند کرتے رہے۔


فیصل مسجد میں نماز جنازہ کیلئے سیاسی رہنماؤں، عسکری قیادت اور عوام کا جم غفیر امڈ آیا۔نماز جنازہ ڈاکٹر محمد الغزالی نے پڑھائی۔ لوگ دیوانہ وار محسن پاکستان کے آخری دیدار کیلئے بھی بھاگ دوڑ کرتے رہے، نماز جنازہ سے پہلے ملٹری پولیس کے چاک و چوبند دستے نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے محسن کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
نماز جنازہ کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی میت تدفین کیلئے ایچ ایٹ قبرستان پہنچائی گئی۔ جہاں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے گلدستے پیش کیے جبکہ پاک فوج کے دستے نے سلامی دی۔ 

واضح رہے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح  6 بجے کے قریب  پھیپھڑوں کے مرض کے سبب کے آر ایل ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت مزید خراب ہو گئی، ڈاکٹروں اور طبی ماہرین نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی تاہم صبح 7 بج کر 4 منٹ پر وہ دار فانی سے کوچ کر گئے۔