عظمت مجید: شہرمیں ڈینگی نے پنجے گاڑدیئے، گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران مزید 177 کیسز رپورٹ، شہر کے 10 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کیلئے مختص بیڈز 98 فیصد تک بھر گئے۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال سے اب تک ڈینگی کےکنفرم 2 ہزار 999 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مرض کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا کہ دس ستمبر تک تقریباً پانچ سو کیسز تھے لیکن تیس دن کے اندر پچیس سو کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔ شہر کے 10 بڑے ہسپتالوں میں بیڈز 98 فیصد تک بھرچکے ہیں۔ چلڈرن ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 23 بیڈز مختص تھے، 23 پر ہی مریض زیرعلاج، جناح ہسپتال میں 118 بیڈز فُل جبکہ میو میں 81 بیڈزپر مریض زیرعلاج ہیں۔
اسی طرح سروسز ہسپتال میں مختص 59 بیڈزپر59 مریض، گنگارام ہسپتال میں 81 بیڈز مختص تھے، 81 پر ہی مریض ہیں۔ جنرل ہسپتال43 بیڈز مختص تھے، 39 پر مریض زیرعلاج ہیں، میاں منشی ہسپتال میں 12 بیڈز مختص تھے،صرف ایک خالی ہے۔ شاہدرہ ہسپتال میں 14 بیڈز مختص تھے 8 مریض زیرعلاج ہیں، نواز شریف ہسپتال میں 7 بیڈز مختص تھے اور 7 پر ہی مریض ہیں۔ سید میٹھا ہسپتال میں 7 بیڈز مختص تھے 6 پر مریضوں کا علاج جاری ہے۔
ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے ممبر پروفیسر اشرف ضیاء کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث ہم نے ڈینگی کی طرف دھیان نہیں دیا اور ایک دم سے ڈینگی پھیل گیا، لیکن ابھی بھی وقت ہے اگر ہم سب مل کر احتیاط کرنا شروع کردیں تو کافی حد تک ڈینگی سے بچ سکتے ہیں۔