سابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل(ر) فاروق فیروز خان انتقال کر گئے

10 Oct, 2021 | 12:29 PM

Malik Sultan Awan

ویب ڈیسک: پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل ریٹائرڈ فاروق فیروز خان انتقال کر گئے ، ان کی عمر بیاسی سال تھی ، دل کا دورہ پڑنے سے اللہ کو پیارے ہوئے،سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کےسابق سربراہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ایئر چیف مارشل (ریٹائرڈ) فاروق فیروز خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

17 اگست 1939 کو پیدا ہونے والے ایئر چیف مارشل (ریٹائرڈ) فاروق فیروز خان نے پی اے ایف پبلک سکول سرگودھا سےسینئر کیمبرج مکمل کرنے کے بعد پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی اور امریکی فضائیہ کی اکیڈمی میں تربیت کے لیے منتخب ہوئے۔ انہوں نے 04 جنوری 1959 کو پاک فضائیہ کے 27ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا۔

فلائٹ لیڈرز اسکول سے فارغ التحصیل فاروق فیروز خان نے نمبر 9 سکواڈرن، نمبر 33 ونگ اور دو آپریشنل بیسز: پی اے ایف بیس سرگودھا اور پی اے ایف بیس مسرور کی کمان کی۔ انہیں تین سال تک متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں فائٹر ونگ کی کمان کرنے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ انہوں نے 1965 اور 1971 کی دونوں جنگوں میں حصہ لیا اور شجاعت و بہادری کے اعتراف میں انہیں ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔ پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر انہیں نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا۔

وہ چیف آف ائیر سٹاف کے پرسنل اسٹاف آفیسر، پی اے ایف ائیر وار کالج کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ، اسسٹنٹ چیف آف دی ایئراسٹاف (پلانز)، ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن وسنٹرل ایئرکمانڈز، ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (آپریشنز) اور وائس چیف آف دی ائیر اسٹاف بھی تعینات رہے۔ 1991 میں پی اے ایف کی کمان سنبھالنے سے پہلے انہوں نے بطور منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے بھی خدمات سر انجام دیں۔

ا نہوں نے 09 مارچ 1991 سے 08 نومبر 1994 تک پاک فضائیہ کے سربراہ کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ مزید برآں وہ 10 نومبر 1994 سے 09 نومبر 1997 تک بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات رہے۔ مرحوم ائیر چیف مارشل نومبر 1990 تا 1991 پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔

مزیدخبریں