13 دسمبر کو لاہور میں پاور شو، پرویز ملک، خواجہ سلمان کو بڑا ٹاسک مل گیا

10 Oct, 2020 | 01:32 PM

Sughra Afzal

ماڈل ٹاؤن (عمراسلم، قذافی بٹ) صدر مسلم لیگ (ن ) پنجاب رانا ثناءاللہ کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس، 13 دسمبر کو لاہورکے جلسے کے لئے انتظامات کی کمیٹی قائم کر دی گئی، خواجہ سلمان رفیق  اور پرویزملک کو کنوینر مقرر کردیا گیا۔

کمیٹی میں خواجہ عمران نذیر ،میاں مرغوب احمد، سمیع اللہ خان، ملک احمد خان ، میاں مرغوب، میاں نعمان، سیف الملوک کھوکھر، رانا مبشر، رانا ارشد، شیخ وسیم، پیر اشرف رسول سمیت دیگر شامل ہیں، قائد مسلم لیگ( ن)میاں نوازشریف جلد پنجاب کی تنظیموں سے خطاب کریں گے۔

اجلاس میں اویس لغاری، ندیم کامران، سعود مجید پنجاب کے ڈویژنل صدور اور جنرل سیکرٹریز بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں پنجاب کی تنظیم سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھاکہ اجلاس میں میاں نواز شریف کے پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے تحریک چلانے کے فیصلے کی تائید اور میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے پر تحفظات کا اظہارکیا گیا۔

اجلاس میں گوجرانوالہ جلسے کیلئے میڈیا کمیٹی قائم بھی قائم کر دی گئی، جس میں مسلم لیگ (ن )کی ترجمان مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، عابد علی ڈویژنل صدر، خرم مشتاق شامل ہیں، مسلم لیگ (ن ) پنجاب 12 اکتوبر کو4 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی، ملتان، ڈی جی خان بہاولپور پر احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

دوسری جانب سابق ایم پی ا ے انجینئر ملک بلال کھر نے صدرمسلم لیگ (ن ) پنجاب رانا ثنااللہ سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن )میں شمولیت اختیار کرلی 

۔علاوہ ازیں مسلم لیگ نواز کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ 16 اکتوبر کے جلسے سے حکومت کی واپسی کا سفر شروع ہو جائے گا، بغاوت کے مقدمے پر چار رکنی کمیٹی کی تشکیل اس بات کا ثبوت ہے کہ مقدمہ وزیر اعظم کی ہدایت پر درج کیا گیا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان کو سقوط کشمیر کا مجرم سمجھتی ہے، مودی کے ساتھ مل کر کشمیر کا سودا کیا گیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ کیسی چوروں کی حکومت تھی جس میں آٹا 34 روپے تھا، ایماندروں کی حکومت میں تو چینی 100 روپے اور آٹا 80 روپے ہو گیا ہے۔

جنرل سیکرٹری مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سیاسی جماعتوں کا اکٹھ ہے، حکومت کو چلتا کریں گے اور عوام کے دکھوں کا مداوا کریں گے۔

مزیدخبریں