(شاہین عتیق)احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کے لئے اشتہارات عدالتی احاطے ، ملزم کی پاکستان اور بیرون ملک رہائشگاہوں پر چسپاں کئے گئے،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کے لئے اشتہار جاری کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کے ایک اور فرد کو مفرور قرار دے دیا، عدالت نے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو مفرور قرار دیتے ہوئے اشتہارات عدالتی احاطے ، ملزم کی پاکستان اور بیرون ملک رہائشگاہوں پر چسپاں کئے گئے،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کے لئےاشتہار جاری کیا۔
عدالتی اشتہار میں بیان کیا گیا کہ ملزم سلمان شہباز ٹرائل کا سامنا کرنے کے لئےجان بوجھ کر روپوش ہے،ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت ملزم سلمان شہباز کے اشتہار جاری کئے گئے ہیں ،ملزم سلمان شہباز کو 13 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہو کر اپنے دفاع کا ایک اور موقع دیا جا رہا ہے،ملزم سلمان شہباز کے پاکستان اور بیرون ملک رہائش گاہ پر اشتہارات چسپاں کئے جائیں۔
ڈی جی نیب آئندہ سماعت پر ملزم سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کے لئےاشتہارات کی عملدرآمد رپورٹ جمع کروائیں،نیب نے سلمان شہباز سمیت دیگر ملزموں کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس احتساب عدالت میں پیش کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ سمیت دس افراد کے نام ایگزٹ کنڑول لسٹ میں شامل کردیے گئے۔ تمام افراد منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک ملک سے باہر نہیں جاسکیں گے۔ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور دو بیٹیوں سمیت 10 افراد پر سفری پابندیاں عائد کردی گئیں،رابعہ عمران اور جویریہ علی کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کئے گئے۔
نثار احمد،علی احمد خان،ظاہر نقوی کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کیے گئے،قاسم قیوم،راشد کرامت، فضل داد عباسی اور شعیب قمر کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔