نہ قطار نہ انتظار، فیسوں، ٹیکسوں اور فرد کی آن لائن ادائیگی کا آغاز

10 Oct, 2019 | 08:30 PM

Arslan Sheikh

( عثمان علیم )  پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے آن لائن فرد کے اجرا کا آغاز کر دیا، سمندر پار مقیم پاکستانی بھی فرد اور انتقال آن لائن جمع کروا سکیں گے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری فیسوں، ٹیکسوں کی ادائیگی کو آسان بنانے کیلئے پے آن لائن سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سٹیٹ بنک آف پاکستان، فنانس ڈیپارٹمنٹ اور ون لنک کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ای سٹیمپ پیپر، فرد اور انتقال کی فیس ون لنک کے ذریعے کمرشل بنکوں میں آن لائن ادا کی جاسکے گی۔

صارفین اپنے کریڈٹ /ڈیبٹ کارڈ اور موبائل ایپ سے فیس ادا کر سکیں گے۔ فیسوں کی آن لائن ادائیگی سہولت کے بعد پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے صارفین کی سہولت کیلئے آن لائن فرد کے اجراء کا آغاز بھی کر دیا۔

پی ایل آر اے کی آفیشل ویب سائٹ سے آن لائن فرد حاصل کی جاسکے گی۔ صارف پی ایل آر اے کی ویب سائٹ پر آن لائن فرد کے آپشن پر کلک کرنے کے بعد رجسٹرڈ موبائل نمبر پر موصول ہونے والے کوڈ کو درج کرنے کے بعد متعلقہ ضلع وتحصیل اور موضع کا انتخاب کرے گا۔

موضع میں اپنی مطلوبہ اہداف کے انتخاب کے بعد فیس کی آن لائن ادائیگی سے فرد برائے ریکارڈ حاصل کر سکے گا۔ آن لائن فرد صارفین کیلئے بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کیلئے خدمات کی فراہمی میں بہترین اضافہ ہوگی۔

مزیدخبریں