ہاؤسنگ سیکٹر میں یونیوالے مبینہ فراڈ کی روک تھام کیلئے نیب کا تاریخی اقدام

10 Oct, 2019 | 03:21 PM

Shazia Bashir

سعود بٹ: ہاؤسنگ سیکٹر  میں یونیوالے مبینہ فراڈ کی روک تھام کیلئے نیب لاہور کا تاریخی اقدام، پنجاب میں تمام ریگولیٹرز، کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ اور کمشنرز کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی مکمل تفصیلات بورڈز پر واضح کرنے کی ہدایات جاری،

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے ہدایات پرمشتمل لیٹر ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو موصول کروا دیا، نیب لاہور کے مطابق دیگر اداروں میں کمشنرز آفس لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال شامل ہیں۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام سوسائٹیاں عوام کی صحیح رہنمائی کیلئے ریگولیٹرز سے منظوری کی دستاویز، مکانات و پلاٹوں کی مکمل تعداد، سوسائٹی کا مکمل حدود اربعہ بورڈز پر آویزاں کریں گے، پبلک ایریاز جن میں مساجد، قبرستان، کھیل کے میدان و سکول وغیرہ کیلئے بھی متعین جگہوں کی بورڈ پر وضاحت کی جائے۔

سوسائٹی ممبران کی سہولت کیلئے انتظامی امور سے متعلقہ ہدایات سوسائٹی کے دفاتر میں آویزاں کرنے کے احکامات بھی جاری گئے ہیں، نیب لاہور کے مطابق نیب حکام کی جانب سے بطور ماڈل خیابان امین ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور میں مندرجہ بالا سفارشات پر عملدرآمد کروایا جا چکا ہے، نیب کے مطابق عوام الناس کی جانب سے بھرپور پزیرائی کے بعد دیگر شہروں میں بھی اسی ماڈل کو اپنانے کی ہدایات جاری کئی گئی ہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے بھی مبینہ غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف بھرپور اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، نیب لاہور کی جانب سے ہاؤسنگ سیکٹر میں گزشتہ 2 سالوں کے دوران 25 ارب مالیت کی بلواسطہ جبکہ 3 ارب سے زائد کی بلاواسطہ وصولی کی گئی ہے۔

 گزشتہ 2 سالوں میں 24 ہزار 500 سے زائد متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا گیا۔ 

مزیدخبریں