(علی رامے) سابقہ پنجاب حکومت کا ہسپتالوں میں خدمات کی فراہمی کا منصوبہ انکوائری کی زد میں آگیا، قرضوں کی تحقیقات کرنیوالے وفاقی کمیشن نے 22 ارب کے پروگرام پنجاب ملینیم ڈویلپمنٹ کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
وزیراعظم انکوائری کمیشن نے سابق دورِ حکومت میں شعبہ صحت کو بہتر کرنے کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈٰی بی) سے لیے گئے 22 ارب روپے کا قرض کا کھاتا طلب کرلیا۔
اس پروگرام کے تحت زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی صحت سہولیات کیلئے اقدامات کیے گئے تھے، پنجاب کے ہسپتالوں میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سروس ڈیلوری کا منصوبہ انکوائری کی زد میں آگیا ہے اور وفاقی کمیشن نے پنجاب حکومت سے منصوبے کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ 22 ارب روپے کا قرض شعبہ صحت پر کہاں خرچ ہوا، انکوائری کی جا رہی ہے، سابق دور حکومت میں "پنجاب ملینیم ڈویلپمنٹ گول پروگرام" کے نام سے منصوبہ شروع کیا گیا تھا۔
وفاقی انکوائری کمیشن نے پی اینڈ ڈی بورڈ، محکمہ صحت سے منصبوے کا مکمل ریکارڈ طلب کیا، ذرائع کے مطابق یہ پروگرام 2010-2015 تک چلا اور بعد میں پراجیکٹ بند کردیا تھا۔