محکمہ موسمیات نے بارش کے متعلق اہم پیشگوئی کردی

10 Nov, 2024 | 06:42 PM

سٹی 42 : محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے ، تاہم گلگت بلتستان ،بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پر بارش اور بلند و بالاپہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اور گردنواح ، اسلام آباد اور پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں سموگ چھائے رہنے جبکہ چندمیدانی علاقوں میں دُ ھند پڑنے کا امکان ہے۔ 

سوموار کے روزموسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں سموگ / دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔ 

خیبرپختونخوا کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد،ہری پور، صوابی، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند،  خیبر، کرم،پشاور اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلندو بالا پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ ،مردان ، صوابی، کوہاٹ ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گر دو نواح میں صبح کے اوقات میں سموگ/ دھند پڑنے کی توقع ہے ۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے ، تا ہم لاہور، قصور،اوکاڑہ ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال ، گوجرانوالہ ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال ، فیصل آباد، بہاولپور ،بہاولنگر، ملتان، رحیم یار خان،ڈی جی خان اور گردونواح میں سموگ چھائے رہنے جبکہ صبح کے اوقات میں شدیددُ ھند پڑنے کی توقع ہے۔ اٹک، مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، گجرات، منڈی بہاؤالدین،سیالکوٹ،گجرانوالہ اورلاہورمیں شام یا رات کے دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ 

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح  یا رات کےاوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے ۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ کشمیر اور  گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔ 

مزیدخبریں