’بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہ آیا تو پاکستان کبھی ان کے ساتھ میچ نہیں کھیلےگا‘

10 Nov, 2024 | 05:59 PM

ویب ڈیسک : بھارت کی جانب سے پاکستان نہ آکر کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے کے بعد حکومتِ پاکستان نے بھی سخت فیصلے کا امکان ظاہر کیا ہے، حکومت غور کر رہی ہے کہ جب تک بھارت کے ساتھ تعلقات بہترنہیں ہوتے تب تک بھارت کیساتھ کسی بھی ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلیں گے ۔ 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ  کو بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق آگاہ کیا ، جس کے بعد پی سی بی نے حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ کیا اور بھارت کے پاکستان نہ آنے سے متعلق آگاہ کردیا۔

سرکاری ذرائع سےمعلوم ہوا ہے کہ بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے بھی سخت فیصلے لینے کا امکان ہے۔ حکومت غور کر رہی ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں آئے گا توپاکستان آئندہ کبھی بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹے گا، بھارت نہیں آئے گا توخطرناک حد تک جائیں گے، اسٹیڈیم بن رہے ہیں سکیورٹی اچھی ہے بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔ اگربھارت نہیں آئے گا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا، پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھاکہ بھارتی کرکٹ بورڈ  نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آگاہ کردیا گیا ہےکہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائےگی۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے  بتایا ہےکہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان ٹیم نہ بھیجنے کو کہا گیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے جس میں 8 ٹیموں نے شرکت کرنا ہے۔

مزیدخبریں