آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں تاریخی فتح پر سابق قومی کرکٹرز کی ٹیم کو مبارکباد

10 Nov, 2024 | 04:51 PM

ویب ڈیسک :  آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں تاریخی فتح پر سابق قومی کرکٹرز کی جانب سے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد  پیش کی جارہی ہے ۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں تاریخی فتح پر گرین شرٹس اور پوری قوم کو مبارکباد دی۔ وسیم اکرم نے کہا کہ میں پوری قوم سے یہی کہوں گا کہ ہماری ٹیم کا مستقبل بہت روشن ہے، ان لڑکوں کو سپورٹ کرتے رہیں، یہ لڑکے آخری وقت تک لڑتے ہیں، ٹیم چاہے ہارے یا جیتے ان لڑکوں کو سپورٹ کریں۔

 وسیم اکرم نے کہا کہ رضوان نے بطور کپتان فاسٹ بولرز کو بہت اچھے طریقے سے استعمال کیا، کبھی 2 اوور کا اسپیل کروایا کبھی 5 اوورز کا اسپیل کروایا، جب ٹیم کو وکٹ کی ضرورت پڑی تو انہوں نے حارث رؤف کو استعمال کیا اور بریک تھرو حاص کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج شاہین آفریدی نے بہت اچھی بولنگ کی، انہوں نے نئی گیند کو دونوں جانب سوئنگ کیا، اب آگے ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے، امید ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اچھی رہے گی۔

سابق کرکٹر محمد حفیظ نے آسٹریلیا میں سیریز جیتنے پر  پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف ان کے میدان میں ہرانے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ ہمیں آپ پر فخر ہے، فاسٹ بولرز کی مدد سے پاکستان یہ سیریز جیتا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کامران اکمل کی جانب سے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی گئی ۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم شاندار کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپروچ تبدیل ہوئی ، منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی تبدیل ہوئی، مائنڈسیٹ تبدیل کرنے کیلئے سب چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، جیت ایسے ہی نہیں ملی ، بہت سی چیزوں کی قربانی دی گئی ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ میں ٹیم اور پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ اور پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 22 سال بعد سیریز جیتنا بہت بڑی کامیابی ہے، یہ پرفارمنس آسٹریلینز صدیوں یاد رکھیں گے۔

سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے بھی آسٹریلیا میں سیریز جیتنے پر  پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی گئی ۔  

سابق کرکٹر اور کوچ وقار یونس نے قومی ٹیم کو ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارک باد دی۔ انوہں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، محمد رضوان اور ٹیم پاکستان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آسٹریلیا کے میدان میں پاکستان نے بہترین سیریز جیتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز ہراکر تاریخ رقم کردی، پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔

مزیدخبریں