ویب ڈیسک : شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔
صدر آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائی میں 6 خوارج کو جہنم واصل اور 6 کو زخمی کرنے پر سکیورٹی فورسزکو سراہا اور فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شمالی وزیرِستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی حوصلہ افزائی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشتگردی اور انتشارپھیلانے والوں کے خاتمے کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شمالی وزیرستان میں خارجیوں کےخلاف کامیاب آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خوارج کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے، دہشتگردوں کوکہیں چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے دہشتگردوں کا صفایا کریں گے۔