ویب ڈیسک : وزیر داخلہ محسن نقوی اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خود کش دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کا سر پوری قوت سے کچلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ روز کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، جس کے بعد دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھائے جائیں گے۔
اجلاس کے بعد محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کو ترجیحی بنیاد پر ضروری وسائل کی فراہمی کا اعلان کرتا ہوں، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد بڑھانے میں تعاون کریں گے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کے اقدامات کریں گے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، پُرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہوئےتھے ۔