اویس کیانی: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اور ریلوے سٹیشن دھماکے کے زخمی افراد کی عیادت کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر علیٰ میر سرفراز بگٹی فرداً فرداً تمام زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی، محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور ڈاکٹرز سے اپ ڈیٹس لیں اورزخمی افراد سے افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔
محسن نقوی اور سرفراز بگٹی نے زخمیوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور ایک زخمی شخص کو فوری طور پر کراچی شفٹ کرنے کی ہدایت، وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ڈاکٹرز کو ہدایات دیں۔
اس موقع پر زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم آپ کے ساتھ ہے اور جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہے، آپ کے علاج معالجے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔