ویب ڈیسک:بھارتی حکومت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر اپنی روش کو دہرا دیا، پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو ویزہ دینے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں انٹرنیشنل ایئر ٹریفک کنٹرولرز کانفرنس کے موقع پر بھارت نے پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو شرکت کیلئے ویزہ دینے سے انکار کردیا ہے۔ انٹرنیشنل ایئرٹریفک کنٹرولرز ایشیاء پیسیفک کانفرنس 11 نومبر کو دہلی میں منعقد ہورہی ہے ،جس میں پاکستان کے 3رکنی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے وفد نے شرکت کرنا تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد نے نئی دہلی جانے کیلئے چند ہفتے قبل ویزہ کیلئے درخواست دی تھی ، بھارت نے کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستانی ایئرٹریفک کنٹرولرزکو ویزہ نہیں دیا، جس کے سبب پاکستان کا وفد کانفرنس میں شرکت کیلئے نہیں جاسکا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی رواں سال اگست میں پاکستانی اسنوکر ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کردیا تھا۔