پنجاب میں دھند اور سموگ کے ڈیرے، متعدد موٹرویز پر ٹریفک معطل

10 Nov, 2024 | 08:51 AM

فاران یامین: پنجاب میں دھند اور سموگ کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق  گزشتہ شب 10 بج کر 30 منٹ پر موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کیا گیا۔ اسی طرح لاہور ملتان موٹروے اور لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی شدید دھند اور کم حد نگاہ کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔موٹروے ایم 3 کو لاہور سے دردانہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا، جب کہ موٹروے ایم 11 کو مکمل طور پر ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو رات 11 بج کر 15 منٹ پر بند کیا گیا۔

بابو صابو کے مقام پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں اور گاڑیوں کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔

موٹر وے پولیس نے بتایا کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

یاد رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کے مسئلے سے نمنٹنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ پنجاب بھر میں اتوار کو بھی تمام بازار بند رہیں گے۔

سموگ سے متاثرہ 4 ڈویژن کے 18 اضلاع میں کھیلوں کے میدان، عجائب گھر اور چڑیا گھر سمیت تمام تفریحی مقامات بھی 17 نومبر تک بند رہیں گے۔ادھر لاہور والڈ سٹی اتھارٹی نے بھی شہر میں تمام سیاحتی اور تفریحی پروگرام اور تقریبات 17 نومبر تک معطل کردیں ہیں۔

مزیدخبریں