عمران خان کا وزیر آباد حملے کی ایف آئی آر سے متعلق اہم فیصلہ

10 Nov, 2022 | 09:00 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے وزیرآباد میں پارٹی چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کے ایف آئی آر کےلیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت مرکزی قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر سے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی ایف آئی آر کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، مارچ کے اگلے مرحلے سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مشیرداخلہ پنجاب عمرسرفراز چیمہ نے شرکاء کو وزیرآباد حملے کی تحقیقات پر بریفنگ دی۔

مشیرداخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ ایک سے زائد حملہ آوروں نے وزیرآباد میں مارچ کی قیادت کو نشانہ بنایا۔ حملے میں استعمال ہونے والے اسلحے اور گولیوں کے خولز حاصل کرلئے گئے،  حملے کی جگہ سے جمع کیا گیا مواد فرانزک کیلئے بھیجا جارہا ہے جبکہ کینٹینر کو محفوظ کرنے کے بعد فرانزک کیلئے بھیجا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات کےلیے 3 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کل تک تشکیل دیدی جائے گی۔

اجلاس میں مرکزی قیادت کا پی ٹی آئی کا مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مارچ آج وزیرآباد میں حملے کے مقام سے دوبارہ شروع ہوگا اور فیصل آباد اور دیگر علاقوں سے رہنما قافلوں کی شکل میں راولپنڈی پہنچیں گے،مرکزی رہنماؤں کے اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حق میں متفقہ قرارداد بھی منظور کرلیا گیا۔

مزیدخبریں