ویب ڈیسک : لاہورشہر کی فضا زہریلی اور انتہائی مضر صحت قرار ۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے اور کراچی تیسرے نمبر پر آگیا۔
سوئس ائیر کوالٹی ٹیکنالوجی کمپنی ''آئی کیو ایئر'' کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں آلودہ ذرات کی مقدار 371 ہے جو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے محفوظ معیار سے 32 گنا زیادہ ہے جبکہ گذشتہ صبح لاہور میں آلودہ ذرات کی مقدار 508 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی تھی ۔ کراچی میں173پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی جسے غیر صحت مند قراردیا گیا ہے ۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کی فضاء مضرصحت ہے، جبکہ بھارت کا دارالحکومت دہلی دنیا کے آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پر بتایا گیا۔درجہ بندی کے مطابق 151سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے، 201سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے، 301سے زائد درجہ ، خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔
یادرہے لاہور میں آلودگی ایک بڑا مسئلہ بن کر سامنے آچکی ہے اور یہ ایک ایسابحران ہے جو شہریوں اور ان کی نسلوں پر اثر انداز ہورہا ہے ایک رپورٹ کے مطابق ہر لاہوری کی اوسط عمر ساڑھے پانچ سال کم ہورہی ہے۔ ماہرین نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ ماسک پہننے سے اس کے اثرات کم ہوسکتے ہیں ختم نہیں۔ مستقل حل نکالے جانے کی ضرورت ہے۔