(جنید ریاض) مہنگائی کی دوڑ میں مرغی بھی شامل ہو گئی، برائلر مرغی کے گوشت کے ریٹ میں 10 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا۔
اپنے قدموں پر کھڑے ہونے کی سکت نہ رکھنے والی مرغی کے نرخ آسمان پر پہنچ گئے، مرغی کا گوشت 10 روپے اضافے کے بعد 320 روپے فی کلو ہوگیا، زندہ برائلر مرغی کے گوشت کا ہول سیل ریٹ 213 اور پرچون ریٹ 221 روپے کلو ہوگیا، مرغی تو مرغی انڈے بھی قابو میں نہیں آ رہے ، فارمی انڈوں کا ریٹ 182 روپے فی درجن جبکہ فارمی انڈوں کی پیٹی 5 ہزار 340 روپے میں فروخت کی جانے لگی۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث گاہک بہت کم ہو گیا ، دو کلو مرغی خریدنے والا گاہک اب آدھا کلو خرید رہا، قیمتوں میں اضافہ کرکے مافیا دونوں ہاتھوں سے دولت بٹور رہا ہے، حکومت مافیا کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی, پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی غریب دکانداروں کو ہی پکڑتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کی بڑھتی قیمتوں سے غریب طبقہ انتہائی پریشان ہے، مہنگائی کے باعث گھر کا چولہا چلانا مشکل ہو چکا ہے، قیمتیں مستحکم ہونے کی بجائے اونچی اڑان کی طرف جا رہی ہیں، حکومت غریب عوام کی دہائیاں سننے کی بجائے آنکھیں موند کر بیٹھی ہے۔