(سعود بٹ ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نیب نے انکا جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوا کر پیسے رکھوانے کی کوشش کی لیکن شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا, رانا ثناء اللہ نے جہانگیر ترین کی وطن واپسی کو ڈیل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب میں پیش ہوئے جہاں پر تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ان سے ڈیرھ گھنٹے تک سوالات کیے۔ رانا ثناءاللہ نے وکلا کی جانب سے تیار کردہ تحریری جواب نیب میں جمع کرادیا۔
سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا کہ تمام اثاثے ڈیکلئر ہیں انہیں دبایا نہیں جاسکتا وہ نوازشریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین ڈیل کے ذریعے واپس آئے ہیں اور انہیں ایک بار پھرجوڑتوڑ کا کام سونپا گیا ہے، رانا ثناءاللہ نے احتساب کو ظلم کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ گھٹیا انتقام کو احتساب کا نام دیا جا رہا ہے، نیب سے کہا ہے کہ آئندہ طلبی کی تاریخ 13دسمبر کے بعد رکھی جائے۔