"کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی"

10 Nov, 2020 | 11:30 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے وسیع تر مفاد میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، باہر نکلتے وقت ماسک کی پابندی ہر شہری کے لئے لازم ہے، مارکیٹوں او ربازاروں میں ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ صوبے کے عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے، کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات جاری کردی ہیں، شہریوں کی زندگیاں سب سے زیادہ عزیز ہیں، ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پروزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی دوسری لہر سے عوام کو بچانے اور حفاظتی اقدامات پرعملدرآمد کے لئے اہم فیصلے  کیے گئے، اجلاس میں صوبے میں مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں بعض مارکیٹوں اور بازاروں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا گیا اور انسداد کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالی مارکیٹوں اور بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ہسپتالوں میں بستروں کی بہترین مینجمنٹ کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا اور بستروں کی مینجمنٹ کیلئے علیحدہ ڈیش بورڈ بنایا جائے گا، ڈیش بورڈ پر ہسپتالوں میں بستر کے حوالے سے معلومات دستیاب ہوں گی، اجلاس میں ریپڈ ٹیسٹ بھی متعارف کرانے کی تجویز پر غور کیا گیا اور ریپڈ ٹیسٹ متعارف کرانے کے بارے میں ٹیکنیکل گروپ اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گا۔

اجلاس میں شادی ہالوں اور مارکیز میں شادی بیاہ کی تقریبات کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور صوبائی وزیرصنعت میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی شادی تقریبات اور شادی ہالوں و مارکیز کے ایس او پیز کے حوالے سے 24گھنٹے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

 ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوروناپازیٹو کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور کورونا ٹیسٹوں کے مثبت آنے کی شرح بھی بڑھی ہے، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 418 مریض زیر علاج ہیں اور 76 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضروری ادویات اور پی پی ایز کا وافر سٹاک موجود ہے، محکمہ صحت کورونا ٹیسٹوں کے لئے مزید پی سی آر کٹس خریدے گا۔

صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہاکہ جن علاقوں میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے، وہاں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا،کورونا کی دوسری لہر پر قابوپانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے، شہریوں کی جانب سے ماسک کی پابندی نہ کرنے سے کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بازاروں اور مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے، تاجر تنظیمیں بازارو ں اور مارکیٹوں میں ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرانے کی پابند ہوں گی۔

مزیدخبریں