رائل پارک (زین مدنی ) عوام میں مقبول ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی میں آئیکزکا کردار نبھانے والی اداکارہ ہینڈے سباسی سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ناخوش نظر آرہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سباسی سے پاکستانی مداحوں کی جانب سے ان کی تصاویر پر تنقید کیے جانے کا سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ وہ مانتی ہیں کہ لوگ اکثر آپ کو اس کردار سے ملا دیتے ہیں جو آپ نبھاتے ہیں ، تاہم تنقید ایک نازک مسئلہ ہے ۔
انھوں نے کہا کہ میرا کام ہے کہ میں اپنے پیشہ ورانہ امور کو بہترین انداز میں نبھاؤں اور میں کردار آئیکز کو زندگی دوں ، تاہم یہ مجھے آئیکز نہیں بنادیتا، میں سباسی ہی ہوں ۔ اداکارہ نے بیرونِ ملک سے ملنے والی پذیرائی پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا کہ میں تنقید کا نشانہ بننے اور منفی تبصروں پر خوش نہیں ہوں جو ایسی چیزوں سے متعلق ہوتے ہیں جو ہم اپنی زندگی میں کرتے ہیں ۔
پاکستان میں ان کے کام کو سراہے جانے پر اداکارہ نے کہا کہ وہ پاکستان کی ثقافت دیکھنے کے لیے بے چین ہیں ، اور یہاں کا دورہ کرنا ان کے لیے باعث مسرت ہوگا ۔