سٹی 42 کی کوششیں رنگ لے آئیں، پی سی بی نے چھوٹے ملازمین کو تنخواہیں دیدیں

10 Nov, 2019 | 03:36 PM

Sughra Afzal

(حافظ شہباز علی) سٹی 42 کی کوششیں رنگ لے آئیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخر چھوٹے ریجنل ملازمین کودوماہ کی تنخواہیں ادا کردیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کا نیا آئین نافذالعمل ہونے کے بعد ریجنز کے خاتمے کے ساتھ ہی ملک بھر کے ریجنل گراؤنڈ سٹاف کی نوکریاں ختم ہوگئی تھیں جس کے بعد اس معاملے کو حل کرنے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر کے ریجنل سٹاف کو دو ماہ کے کنٹریکٹ دئیے جو کہ 19اکتوبر کو ختم ہوئے تاہم معاہدے ختم ہونے کے باوجود پی سی بی کی جانب سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی۔

سٹی42 کے معاملہ منظر عام پر لانے کے بعد بورڈ حکام نے اس معاملے پر نوٹس لیا اور ملک بھر کے چھوٹے ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے، تنخواہیں ملنے کے بعد چھوٹے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق بورڈ حکام ملازمین مستقبل کے لئے بھی حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں اور تو قع ہے کہ گراﺅنڈ سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ان کو بہتر معاوضوں پر نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔

چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ حل کرنے میں پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع برنی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے خصوصی دلچسپی لی جس پر تمام ملازمین نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے

مزیدخبریں