(زاہد چودھری، عمراسلم) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی لندن روانگی کی ٹکٹ کنفرم ہوگئی، نواز شریف پیر کی صبح 9بج کر 5 منٹ پر لندن کیلئے براستہ دوحہ روانہ ہوں گے، نواز شریف کے ہمراہ اس پرواز میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی سفر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹ پر نواز شریف کی پاکستان واپسی کے لیے سفر کی تاریخ 27 نومبر درج ہے، نواز شریف کی صحت اس وقت تشویشناک ہے، ان کے پلیٹ لیٹس مزید کم ہو کر 18 ہزار رہ گئے، ذرائع کے مطابق نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلتے ہی ان کے لندن جانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق ہر گزرتے دن کے ساتھ نواز شریف کی حالت خراب ہو رہی ہے، بیرون ملک جانے میں تاخیر ان کی زندگی کیلئے خطرہ ہے، حکومت کی جانب سے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے سروسز ہسپتال میں ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز سے دوبارہ نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹ مانگ لی گئی ہے، جس پر سروسز ہسپتال میں بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف کی صحت تشویشناک ہونے اور ان کی جنیٹک سٹڈی کیلئے سہولت صرف بیرون ملک دستیاب ہونے سے متعلق رپورٹ حکومت کوبھجوا دی گئی۔
نواز شریف کو بیرون ملک لیجانے کیلئے ڈاکٹرز نے ائیر ایمبولینس استعمال کرنے کی تجویز دی ہے کیونکہ ایئر پریشر سے نواز شریف کی طبیعت دوران سفر خراب ہوسکتی ہے، ایسی صورتحال میں مکمل میڈیکل کور موجود ہونا لازمی ہے۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) نے کہا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست ملنے کے باوجود وزرات داخلہ تاخیری حربے استعمال کررہی ہے، شریف فیملی کے خاندانی ذرائع کے مطابق بھی نواز شریف کی طبیعت سنبھل نہیں رہی اور وزارت داخلہ ان کانام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی طبیعت تشویشناک ہونے کی وجہ سے عام فلائٹ سے سفر نہیں کرسکیں گے، نوازشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے بیرون ملک لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔