(سٹی 42) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سرور کونین حضرت محمد مصطفیﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے، آقا کریمﷺ کا پیغام ابدی ہدایت اور کامیابی کی کلید ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھاکہ آج کا دن سسکتی، تڑپتی اور جہالت میں ٹھوکریں کھاتی انسانیت کے لئے نجات اور فلاح کا دن ہے اور آپ کی سیرت طیبہ ہمارے لئے کامل نمونہ ہے، قرآن کریم کے پیغام کو آپ کی سیرت پاک کی روشنی میں نافذ کرنا ہی ہمارا مشن ہے جبکہ پاکستان کو بھی آپ ﷺکی سیرت پاک اور آپ ﷺکے لائے ہوئے نظام کا مکمل گہوارہ بننا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت، معاشرت، سماج، انصاف، ثقافت سب اسی اسوہ مبارک کے مطابق پروان چڑھانا ہے اور آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عمل کی قوت اپنائیں جبکہ اسوہ مبارک پر عمل کرنا اور اس کی عملی تعبیر ہی سب سے اہم ذمہ داری ہے۔