سعدیہ خان: اولاد کی بیماری اور افلاس سے لڑتے امام مسجد قاری غلام فرید کی دنیا ہی بے رونق ہوکر رہ گئی، تھیلسیمیا جیسی مہلک بیماری نے ان کے تین بچوں کو بستر مرگ پر پہنچا دیا، غریب خاندان بچوں کے علاج معالجہ کے لیے امداد کا منتظر ہے۔
تفصیلات کے مطابق قاری غلام فرید 23 سال سے تھیلسیمیا میں مبتلا بچوں کا علاج کراتے کراتے تھک چکا ہے، ہرماہ تینوں بچوں کوخون لگوانے کے ساتھ ساتھ پچاس ہزار کی ادویات بھی خریدنا پڑتیں ہیں جو کم آمدن کی وجہ سے اس خاندان کے لیے بہت مشکل ہے۔
کھیل کود اور پڑھائی کی عمر میں اس امتحان سے گزرتے سات سالہ علی احمد کتابوں میں تو رنگ بھر رہا ہے مگر اس کی اپنی زندگی میں خوشیوں کا کوئی رنگ نہیں، عمر فرید کا خواب ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کرنا ہے مگر ماں باپ کو سسکتے دیکھ کر بیٹے کا حوصلہ جواب دے جاتا ہے۔
وسائل کی کمی اور حالات کی تنگی سے جنگ لڑتے اس خاندان کی حکومت وقت اور مخیر حضرات سے ایک اپیل ہے کہ ان کے بچوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے ان کی مالی معاونت کی جائے۔