سٹی42: اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ کا غزہ بچاؤ مارچ ریڈ زون کے قریب دھرنے میں تبدیل ہو گیا۔
اسلام آباد کے سرینا چوک پر پولیس کی بھاری نفری نے اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں کو ریڈ زون کی طرف آنے سے روک دیا جس کے بعد احتجاج کے لئے آنے والے کارکن سرینا چوک کے قریب دھرنا دے کر بیٹھ گئے ہیں۔ اس وقت مظاہرین کے نمائندوں اور پولیس کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں۔ مظاہرین ک فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں۔
اسلامی جمعیت طلبا کے کارکن ڈپلومیٹک انکلیو جانے پر اصرار کر رہے ہیں اور پولیس انہیں سڑک خالی کر کے واپس جانے کے لئے قائل کر رہی ہے۔
اس سے پہلے اسلام آباد پولیس نے خاردار تاریں عبور کرنے پر لاٹھی چارج کیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کے سامنے 3 مطالبات رکھ دئیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ریڈ زون میں واقع امریکی ایمبیسی کے سامنے پرامن احتجاج کرنے کی اجازت دی جائے.
پاکستان کے ٹور پر آئے ہوئے ایک امریکن میوزیکل بینڈ کو واپس بھیجا جائے۔تعلیمی اداروں میں میوزیکل کنسرٹ بند کئے جائیں۔
بعد ازاں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سرینا ہوٹل کے قریب دھرنا دے کر بیٹھے ہوئے کارکنوں کے نمائندوں اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مذاکرات پھر شروع ہو گئے ہیں۔
طلبا قیادت کی جانب سے میاں اسلم نصر اللہ رندھاوا اور زبیر صفدر مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہیں۔