سٹی42: دن میں کئی مرتبہ ہلکی پھوار برسنے سے لاہور میں چار روز سے بے پناہ گرمی کے جھلسائے ہوئے چہروں پر مسکراہٹیں لوٹ آئیں۔
ٹمپریچر میں نمایاں کمی ہو گئی اور ماحول خوشگوار ہو گیا۔ اس وقت بھی لاہور میں کئی علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔ گزشتہ تین روز سے لاہور مسلسل تیز ٹمپریچر کی زد میں تھا اور دوپہر کو لو چلنے لگی تھی جس سے شہری پریشان تھے۔
کل رات سے ہی بادل لانے والی ہوائیں چلنا شروع ہو گئی تھیں۔ جمعہ کے روز صبح بادل شہر کے آسمان پر نمایاں ہونے لگے اور تھوڑی تھوڑی دیر بعد کبھی ہلکی پھوار گری اور کبھی بارش کی تیز بوچھار بھی ہوئی۔ اس دوران تیز ہوائیں چلتی رہیں۔
جمعہ کی شب اچانک تیز ہوا نے آندھی کی شکل اختیار کر لی۔ اس آندھی سے کینال روڈ اور دیگر شاہراہوں پر لگے درخت متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اہم شاہراہوں پر آندھی کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ پر ہجوم سڑکوں پر ٹریفک جام بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
موسم کے ادارہ کا کہنا ہے کہ آج شام شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگی ریکارڈ کیا گیا۔ رات کو ٹمپریچر مزید گرنے کی آس ہے۔
آج لاہور میں ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔