ویب ڈیسک: برطرفی کے بعد گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ کا بڑا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطرف گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ آئینی ماہرین کے ساتھ مشاورت کے بعد آئینی اور قانونی لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔سینیئر جوائنٹ سیکرٹری کیبنٹ تیمور تجمل کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر عہدے سے ہٹایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چہدری پرویز الہٰی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی تھی۔
صدر کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کو صدر کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جاسکتا، آئین کے آرٹیکل 101 کی شق 3 کے مطابق گورنر، صدر کی رضامندی تک رہے گا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے صدر عارف علوی کو پیغام میں کہا تھا کہ صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس کے پابند ہیں، اس سے ہٹنا آئین شکنی ہوگی۔