ویب ڈیسک: پنجاب میں رات گئے بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے 7 سیکریٹریز کا تبادلہ کر دیا گیا ہے، صوبائی سیکریٹری عامر جان کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
عامر جان عثمان بزدار کے ساتھ پرنسپل سیکریٹری کےطور پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے عامر جان کو پنجاب سے وفاقی حکومت میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ان کی خدمات وفاق کے حوالے کرنے سے روک دیا تھا۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، صوبائی سیکریٹری جنگلات شاہد زمان بھی تبدیل کر دیے گئے، انھیں ایس اینڈ جی اے ڈی میں رپورٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی سیکریٹری واصف خورشید کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، صوبائی سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر احمد جاوید قاضی کو صوبائی سیکریٹری صنعت و تجارت تعینات کر دیا گیا۔
صوبائی سیکریٹری غلام فرید کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا، جب کہ صوبائی سیکریٹری ہیلتھ کیئر عمران سکندر کو سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن مقرر کر دیا گیا ہے۔