عمران خان کے ساڑھے 3 سالہ اقتدار کی چارج شیٹ جاری

10 May, 2022 | 08:41 AM

ویب ڈیسک:مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان کے ساڑھے تین سالہ اقتدار کی چارج شیٹ جاری کردی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی اس قوم کا میر جعفر اور میر صادق ہے، اپنے ایجنڈے کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے تشویش میں مبتلا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ امریکا کی مخالفت کا ڈھونگ رچانے والے کی کابینہ میں 15 سے زائد امریکی اور مغربی شہریت کے حامل لوگ تھے۔ عمران نیازی نے ساڑھے تین سال میں ملک کو معاشی اور اخلاقی طور پر تباہ جبکہ سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار کردیا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ عمران نیازی کے ہمارے دفاعی ادارے کے خلاف بیانات کا مقصد فوج کو تقسیم کرنا ہے، عمران کے بیانات فوج میں انتشار ڈالنے کے لیے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے بھی سابقہ حکومت پر تنقید کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مصنوعی مینڈیٹ والی حکومت کو اس کے گھمنڈ کی وجہ سے شکست ہوئی۔ اشتعال انگیز بیانات، پراپیگنڈے سے انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے، اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوششوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

مزیدخبریں