گورنرپنجاب کو عہدے سے ہٹا دیا گیا؛ نوٹیفکیشن جاری

10 May, 2022 | 12:59 AM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) گورنرپنجاب عمرسرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر گورنرپنجاب کو ہٹایا گیا۔

تفصیلات کےمطابق گورنرپنجاب عمرسرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، عمرسرفراز چیمہ کووزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر ہٹایا گیا ہے،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی قائم مقام گورنر کے فرائض سرانجام دیں گے۔

گزشتہ روز  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کا وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی تھی، صدر مملکت نے کہا کہ گورنر پنجاب کو صدر پاکستان کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جا سکتا، آئین کے آرٹیکل 101 کی شق 3 کے مطابق "گورنر صدر مملکت کی رضا مندی تک عہدے پر قائم رہے گا"،موجودہ گورنر پر نہ تو بدانتظامی کا کوئی الزام ہے اور نہ ہی کسی عدالت کی طرف سے سزا ہوئی۔

موجودہ گورنر پنجاب نے نہ ہی آئین کے خلاف کوئی کام کیا، ہٹایا نہیں جا سکتا، ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے صدر مملکت کا فرض ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 41 کے مطابق پاکستان کے اتحاد کی نمائندگی کرے، گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات، وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفیٰ اور وفاداریوں کی تبدیلی کے حوالے سے رپورٹ ارسال کی تھی،مجھے یقین ہے کہ گورنر کو ہٹانا غیر منصفانہ اور انصاف کے اصولوں کے خلاف ہوگا۔

ضروری ہے کہ موجودہ گورنر ایک صحت مند اور صاف جمہوری نظام کی حوصلہ افزائی اور فروغ کے لیے عہدے پر قائم رہیں، آئین کا آرٹیکل 63 اے ممبران اسمبلی کو خریدنے جیسی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرتا ہے،اس مشکل وقت میں دستور پاکستان کے اُصولوں پر قائم رہنے کے لیے پرعزم ہوں، گورنر پنجاب کو ہٹانے کے وزیر اعظم کی ایڈوائس کومسترد کرتا ہوں۔

مزیدخبریں