عوام کو صحت کی سہولیات کی دستیابی کے لئےحکومت کا بڑا فیصلہ

10 May, 2021 | 11:38 AM

Imran Fayyaz

(قیصر کھوکھر)وزیر اعلی پنجاب نے ایکسپو سنٹر میں 300 آکسیجن بیڈ ہسپتال بنانے کی ہدایت کر دی۔

(قیصر کھوکھر)تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے ایکسپو سنٹر میں 300 آکسیجن بیڈ ہسپتال بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ایکسپو سنٹر میں آکسیجن بیڈ ڈ ہسپتال بنایا جائے گا۔وزیر اعلی نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو اس ہسپتال کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے  محکمہ خزانہ کو اس ہسپتال کے لئے بجٹ فراہم کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔یہ ہسپتال وینٹیلیٹرز ہسپتال کی بجائے صرف آکسیجن بیڈ ز پر مشتمل ہو گا، ہسپتال میں کورونا کے آکسیجن کے مریضوں کو داخل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا کےباعث ملک بھر میں مزید 78 افراد جان کی بازی ہارگئےجبکہ  کورونا کے 3 ہزار 447 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد شمار میں بتایا گیا ہےکہ ملک بھر میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار915  تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 58 ہزار 26 ہو گئی ہے۔ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 81 ہزار 830 ہے اور 7 لاکھ 57 ہزار 281 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے باعث  پنجاب میں  اب تک 9ہزار 32 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 726، خیبرپختونخوا 3 ہزار 588، اسلام آباد 708، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 247 اور آزاد کشمیر میں 507 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

مزیدخبریں