"میری زندگی کا ہردن ماں کا دن ہے"

10 May, 2020 | 04:22 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42) دنیا بھر  کی طرح پاکستان میں بھی آج ماؤں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد ماں سے والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرنا اور معاشرے میں ماﺅں سے محبت اوران کے احترام کوفروغ دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماؤں کے عالمی دن پرمسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نوازشریف نے اپنی مرحومہ والدہ کلثوم نوازسے متعلق ٹوئٹ کیا کہ آپ کے ہمیں چھوڑکرگئے تقریباً دوسال ہوچکے ہیں، دوسال میں ایک لمحہ بھی ایسا نہیں گزرا جب میں نے آپ کودکھ سے یاد نہ کیا ہو۔مریم نوازشریف نے کہا کہ آپ کی یادیں اورتربیت مجھے مشکل وقت سے نکال رہی ہیں، مجھے یہ سیکھانے کا شکریہ کہ خوف کوئی آپشن نہیں ہوتا۔مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ میری زندگی کا ہردن ماں کا دن ہے جب کہ انہوں نے اپنے والد اوروالدہ کے ساتھ یادگارتصاویربھی شیئرکیں۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے ماؤں کےعالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں ایک انمول رشتے کا نام ہے  جو سراپا محبت اور وفا ہوتی ہے، خالق کائنات نے انسان سے اپنے تعلق کو بھی ماں کے رشتے سے تعارف بخشا ہے، ماں کی دعا ہمیں ہر طوفان سے بچاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماں ایک سانجھے رشتے کا نام اورانسان کی جائے پناہ ہے، ہر ماں کو سلام ہے جس کی محبت، شفقت، وفا، قربانی اور خلوص سے ہی زندگی سانس لے رہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی نے ماں کے پیروں کے نیچے جنت رکھ کر پیغام دیا کہ ہم نےماں کو راضی کر لیا تو رب راضی ہو جائے گا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ماں کےادب، اس سے محبت اورخدمت کی بہترین مثال ہے۔  شہباز شریف نےشہداء کی ماؤں کو بھی سلام پیش کیا جن کے لخت جگر مادر وطن اور قوم کی حرمت وعزت پر قربان ہوگئے۔

مزیدخبریں