ماؤں کے عالمی دن پر پاک فضائیہ کیجانب سے خصوصی پرومو جاری

10 May, 2020 | 02:36 PM

Sughra Afzal

(درنایاب) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج ماؤں کا عالمی دن جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، جس کو منانے کا مقصد ماں سے والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرنا اور معاشرے میں ماﺅں سے محبت اوران کے احترام کوفروغ دینا ہے۔

پاک فضائیہ کی خواتین نے بھی دنیا کی سب سےزیادہ پیار کرنے والی ہستی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، ماؤں کے دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نےایک پرومو جاری کیا، ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پرومو میں آنے والی نسلوں کی تربیت میں ماں کے کردار کو سلام عقیدت پیش کیا گیا ہے، پرومو خصوصی طور پر میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ان پاکستانی ماؤں کے عزم وحوصلے کو خراج عقیدت ہے جو کوویڈ۔19 کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کے طور پر اپنی بے لوث خدمات پیش کررہی ہیں۔

ترجمان کے مطابق یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ خواتین دیگر شعبوں کے علاوہ پاک فضائیہ کی تمام برانچوں میں بھی مردوں کے شانہ بشانہ خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ماں سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں سے محبت عالمگیر جذبہ ہے جو کسی دن اور موقع کا محتاج نہیں، ماں سے محبت اور خدمت ہر فرد کی جبلت ہے، مائیں محبت اور خلوص سے اولاد کی شخصیت بناتی ہیں، اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کو ماں کی محبت سے تشبیہہ دے کر اس کا مقام بلند کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والدہ کی دعائیں رنگ لائیں اور اللہ تعالیٰ نے مجھے وزارت اعلیٰ کا منصب عطا کیا، زندگی میں کامیابیوں کیلئے خود کو آج بھی والدہ کی دعائوں کا محتاج سمجھتا ہوں۔

مزیدخبریں