"ماں کی دُعا ہمیں ہر طوفان سے بچاتی ہے"

10 May, 2020 | 01:42 PM

Sughra Afzal

(عمر اسلم) دنیا بھر  کی طرح پاکستان میں بھی آج ماؤں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد ماں سے والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرنا اور معاشرے میں ماﺅں سے محبت اوران کے احترام کوفروغ دینا ہے۔

 مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے ماؤں کےعالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں ایک انمول رشتے کا نام ہے  جو سراپا محبت اور وفا ہوتی ہے، خالق کائنات نے انسان سے اپنے تعلق کو بھی ماں کے رشتے سے تعارف بخشا ہے، ماں کی دعا ہمیں ہر طوفان سے بچاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماں ایک سانجھے رشتے کا نام اورانسان کی جائے پناہ ہے، ہر ماں کو سلام ہے جس کی محبت، شفقت، وفا، قربانی اور خلوص سے ہی زندگی سانس لے رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی نے ماں کے پیروں کے نیچے جنت رکھ کر پیغام دیا کہ ہم نےماں کو راضی کر لیا تو رب راضی ہو جائے گا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ماں کےادب، اس سے محبت اورخدمت کی بہترین مثال ہے۔  شہباز شریف نےشہداء کی ماؤں کو بھی سلام پیش کیا جن کے لخت جگر مادر وطن اور قوم کی حرمت وعزت پر قربان ہوگئے۔

 یاد رہے کہ ماﺅں کے عالمی دن منانے کی تاریخ بہت قدیم ہے اور اس کا سب سے پہلے یونانی تہذیب میں سراغ ملتا ہے، 1907ء میں فلاڈیفیا کی اینا جاروس نے اسے قومی دن کے طور پر منانے کی تحریک چلائی تھی جو بالآخر کامیاب ہوئی اور 8 مئی 1914ء کو امریکہ کے صدر ووڈرو ولسن نے مئی کے دوسرے اتوار کو سرکاری طورپر ماؤں کا دن قرار دیا، اُس دن سے اب ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو ماں سے محبت کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

مزیدخبریں