ماڈل ٹاﺅن (وقاص احمد) ہیلمٹ پہن کر موٹرسائیکل پر اکیلے وارداتیں کرنے والا ڈاکو پولیس کیلئے درد سر بن گیا، ڈاکو ماڈل ٹاﺅن جیسے پوش علاقوں میں اب تک درجنوں وارداتیں کر چکا مگر پولیس کے ہاتھ نہ آیا۔
لاہور میں لاک ڈاﺅن اور پولیس ناکوں کے باوجود راہزنی, چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، لاک ڈاﺅن کے دوران ڈکیتی اور راہزنی کی 124 وارداتیں ریکارڈ ہوئیں جبکہ پہلے پندرہ روز میں ڈکیتی اور راہزنی کی 164 وارداتیں ریکارڈ ہوئیں اسی طرح چوری اورنقب زنی کی 536 وارداتیں ریکارڈ ہوئیں جبکہ لاک ڈاﺅن کے پہلے پندرہ روز میں چوری اورنقب زنی کی 691 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
جرائم پیشہ افراد شہریوں کو لوٹنے اور پولیس سے بچنے کیلئےنئے طریقے اپنا رہے ہیں، ماڈل ٹاﺅن کے علاقے میں ایک ڈاکو ہیلمٹ پہن کر وارداتیں کررہا ہے، پے درپے وارداتیں کرنے والا ڈاکو پولیس کیلئے درد سر بند گیا، ماڈل ٹاﺅن میں موٹرسائیکل پر اکیلے گھومنے اور ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے ملزم کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے چند روز قبل گھر کی دہلیز پر خاتون سے ڈکیتی کی، گزشتہ روز بنک سکوائر مارکیٹ میں ہیلمٹ پہنے ڈاکو نے فائرنگ کرکے ڈی پی ایس کی سابق پرنسپل کو زخمی کیا، پولیس کو شبہ ہے ہیلمٹ پہن کر وارداتیں کرنے والا ایک ہی ملزم ہے.
ملزم کے خلاف تھانہ لیاقت آباد، فیصل ٹاﺅن اور ماڈل ٹاﺅن میں متعدد مقدمات درج ہیں، ہیلمٹ پہن کر وارداتیں کرنے والا ملزم گزشتہ چند ماہ سے سرگرم ہے، ملزم ابتک ماڈل ٹاﺅن میں درجنوں وارداتیں کرچکا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور میں لاک ڈاﺅن کے پہلے پندرہ روز کے دوران 13 افراد کو مختلف وجوہات پر قتل کیا گیا، لاک ڈاﺅن کے پندرہ روز میں 312 موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں چوری ہوئیں۔
دوسری جانب سی سی پی او لاہور نے لاک ڈاؤن میں نرمی پر جرائم کی شرح میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا۔