جیدی سے شہرت پانے والے نامور اداکار اطہر شاہ خان انتقال کرگئے

10 May, 2020 | 10:49 AM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)پاکستانی ڈراموں کا جادو ہمیشہ سے لوگوں پر چلتا رہا ہے اور جب بھی ڈراموں کی بات ہوتی ہے تو لوگ اداکاروں، اداکاراﺅں اور ڈائریکٹرز کے سامنے رائٹرز کو فراموش کردیتے ہیں۔ اطہر شاہ خان جیدی بھی ایک عظیم شاعر، ڈرامہ نگار، فلم ساز تھے۔آج وہ اپنے مداحوں سے بچھڑ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  ٹیلی ویژن کے کردار جیدی کے نام سے اور اپنی منفرد صلاحتیوں سے مشہور ہونے والےاردو دنیا کے ممتاز شاعر، ڈرامہ نگار، فلم ساز معروف اداکار اطہر شاہ خان 77 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔اداکار اطہر شاہ خان جیدی طویل عرصے سے شگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔ مرحوم اطہر شاہ خان  کےسوگوارن میں اہلیہ اور چار بیٹےہیں۔

اطہر شاہ خان جیدی یکم جنوری، 1943ء بمقام رام پور میں پیدا ہوئے۔چوتھی جماعت میں تھے کہ والدہ کا انتقال ہو گیا۔ والد محکمہ ریلوے میں ملازم تھے۔ کچھ عرصہ بعد ان کا بھی انتقال ہو گیا۔ والدین کے بعد ان کے بڑے بھائی سلیم شاہ خان نے خاندان کی کفالت کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ بچپن سے انہیں کتابیں پڑھنے کا شوق تھا۔ تیسری جماعت میں والدہ نے انہیں علامہ اقبال کی کتاب بانگ درا انعام میں دی۔

  اطہر شاہ خان جیدی نے لاہور سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پشاور سے سیکنڈری تک پڑھا اور  پھر کراچی میں اُردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا، بعدازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت کے شعبے میں ماسٹرز  بھی کیا۔ان کا شمار ٹیلی ویژن کے ابتدائی ڈرامہ نگاروں اور فن کاروں میں کیا جاتا ہے۔پاکستانی ڈراما نویس، مزاحیہ و سنجیدہ شاعر اور اداکار  تھے۔اصلی نام اطہر شاہ خان تھا۔آپ 1947 میں خاندان کے ساتھ لاہور  اور 1957 میں کراچی منتقل ہوئے۔

اپنے تخلیق کردہ مزاحیہ کردار "جیدی" سے پہچانے جاتے تھے۔مزاحیہ شاعری میں بھی "جیدی" تخلص کرتے۔ پاکستان ٹیلی وژن کے پیش کردہ مزاحیہ مشاعروں کے سلسلہ "کشت زعفران" سے مزاحیہ شاعری میں مقبولیت حاصل کی۔2001ء میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا اور پاکستان ٹیلی ویژن نے جب اپنی سلور جوبلی منائی تو اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔

اطہر شاہ خان کی سپرہٹ ڈرامہ سیریلز میں انتظار فرمائیے، ہیلو ہیلو، جانے دو، برگر فیملی، آشیانہ، آپ جناب، جیدی اِن ٹربل، پرابلم ہاؤس، ہائے جیدی، کیسے کیسے خواب، با اَدب با ملاحظہ ہوشیار اور دیگر شامل ہیں۔انتظار فرمائیے، وہ سیریل تھی جس نے اطہر شاہ خان کو ’جیدی‘ بنا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔


 

مزیدخبریں