ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف ہڑتال دسویں روز میں داخل

10 May, 2019 | 12:59 PM

Shazia Bashir

سٹی42: ہسپتالوں کی نجکاری کےخلاف گرینڈ ہیلتھ آلائنس کی ہڑتال دسویں روز میں داخل ہوگئی، شہر کے تمام بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں کی او پی ڈیزمیں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کا بائیکاٹ برقرار، عید کےبعد پنجاب اسمبلی کےباہر دھرنا دینےکابھی اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرایسوسی ایشن، ینگ نرسزاسوسی ایشن اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سےگرینڈ ہیلتھ آلائنس کااعلان کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ تمام تنظیمیں ہسپتالوں کی نجکاری کی بھرپورمذمت کرتی ہیں، جب تک حکومت یہ ایکٹ واپس نہیں لے لیتی ہڑتال کا سلسلہ برقرار رکھا جائےگا۔

مریضوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال آنے کا مقصد مفت علاج معالجے کی فراہمی ہے، ہسپتالوں کی نجکاری سےمفت علاج کی سہولت ختم ہوجائےگی جبکہ گزشتہ کئی دن سےجاری ہڑتال کے باعث علاج معالجے کی فراہمی ناممکن ہو چکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ آلائنس کے عہدیداروں نےحکومت کوپیرتک کا وقت دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر ایم ٹی آئی ایکٹ واپس نہ لیا گیا تو پیرکو انڈوربند کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کیا جائے گا، ینگ ڈاکٹرزکا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی نجکاری کےخلاف عید کے فورا بعد پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیں گے۔

مزیدخبریں